نئی دہلی؍ 30؍نومبر(ایس اونیوز/ایجینسیز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کسانون کا استحصال کرکے سرمایہ داروں بالخصوص اڈانی اور امبانی کی آمدنی میں اضافہ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کا وعدہ فراموش کرکے سرمایہ داروں کی پرورش کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو حکومت سیاہ ذرعی قوانین کو صحیح بتاتے ہیں وہ کیا خاک کسانوں کی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ؟
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ذرعی قوانین کو سیاہ بتاتے ہوئے اخبارنویسوں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی ریڈیو پر نشرہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں زراعت مخالف سیاہ قوانین کو صحیح بتاکر سازش کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مودی حکومت کسانوں کے مفاد میں ان تینوں قوانین کو فوری طورپر واپس لینے کا اعلان کرے۔ سرجے والا نے کہاکہ وزیراعظم مودی کسان مخالف ان تینوں قوانین کو صحیح بتا کر ملک کے 62کروڑ کسانوں کی باتوں کو نظرانداز کرنے کی کوشش کرکے ان کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ ملک کا سربراہ ہی اس طرح کی بات کرے گا تو کسانوں کو صحیح انصاف کون دے گا ؟
سُرجے والا نے ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر کے کسانوں کو دہشت گرد بتاکر ان کے خلاف جھوٹے معاملات درج کرانے کے معاملے پر بھی اپنی ناراضگی جتائی اور کہا کہ یہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے انہوں نے مسٹر کھٹر کو عوامی طورپر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ مزید کہا کہ حکومت اگر سچ مچ کسانوں سے بات کرنا چاہتی ہے تو خود مسٹر مودی کو ان کے مسائل سننے چاہئے۔